نکتہ داں – ۲۶
۴ مئی ۲۰۲۴
کیا باپ اور بیٹے میں اختلاف ہے ؟
لوگ اس خبر پر زیادہ پریشان ہیں کہ صدر زرداری PPPP کی چیئرمین شپ سے کیوں مستعفی ہوگئے، لیکن میری پریشانی کچھ اور ہے
صدر زرداری کا مستعفی ہونا ایک معمول کا عمل ہے۔ صدر کا عہدہ حکومتی نہیں بلکہ مملکت کا ہوتا ہے۔ مملکت کا سربراہ کسی سیاسی پارٹی کی ترجمانی نہیں کرتا بلکہ وہ ملک کے سربراہ کے طور پر، سیاسی عہدے سے مستعفی ہوجاتا ہے۔ یہی عمل جناب عارف علوی صاحب نے بھی کیا تھا۔ انھوں نے بھی صدر منتخب ہوتے ہی، PTI کے پارٹی عہدے سے استعفٰی دیدیا تھا۔
یہ اچھی بات ہے کہ ملک کا صدر پارٹی پالٹکس سے خود کو علیحدہ رکھے، لیکن پریشانی والی بات یہ ہے، کہ کسی پارٹی کا سربراہ، سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرلے۔
بظاہر وہ سیاست میں ہو بھی ، لیکن عملاً وہ کم ہی نظر آئے
کون ہے ایسا رہنما ، جو اپنی سیاسی پارٹی کا سربراہ ہوتے ہوئے بھی پردہ سیاست سے کچھ ،غائب غائب سا ہے ؟
جی، میرا اشارہ بلاول بھٹو کی طرف ہے۔ کیا آپ نے انھیں تقریبات، سندھ کے حکومتی معاملات ، پریس کانفرنس کرتے یا کوئی بیان دیتے ہوئے دیکھا یا سنا ہے ؟
میں حیران اس وقت ہوا، جب زرداری صاحب نے سندھ میں لا اینڈ آرڈر اور سندھ کے عمومی حالات کی بہتری کیلئے، کراچی میں، ایک اعلٰی اختیاراتی میٹنگ کی صدارت کی۔ میٹنگ میں وفاقی وزیر داخلہ خاص طور پر اسلام آباد سے آئے اور انکے علاوہ سندھ کے وزیر اعلی ، رینجرز اور پولیس، کے سربراہ ،صوبائی وزرا اور سندھ حکومت کے اعلٰی حکام شریک ہوئے۔ اگر کوئی شخص غیر حاضر نظر آیا تو وہ بلاول بھٹو زرداری تھا۔
ایسا کیا ہوا ہے، باپ بیٹے کے درمیان ؟
میری سیاسی سمجھ یہ کہتی ہے کہ، بلاول کا انداز سیاست بی بی شہید کی اصل وراثت ہے۔ اور اس وجہ سے بلاول سندھ کے کئی محکموں کے وزیروں سے مطمئن نہیں، یہ وہ حضرات ہیں جو زرداری صاحب کے منظور نظر رہے ہیں اور اب بھی ہیں
وفاق میں بھی کچھ فیصلے زرداری صاحب کی تائید سے ہوئے، کہ جن پر بلاول کا نقطہ نظر مختلف تھا۔
مجھے محترمہ نصرت بھٹو صاحبہ یاد آرہی ہیں۔ وہ عظیم عورت ماں کے ناطے ، اپنے بیٹے میر مرتضٰی بھٹو کیلئے بہت نرم گوشہ رکھتی تھیں، اسے سندھ کا وزیراعلٰی دیکھنا چاہتی تھیں جبکہ بی بی شہید اس کام کے لئے کچھ وقت چاہتی تھیں اور انکی شرط یہ تھی، کہ مرتضٰی ان سیاسی لفنگوں سے علیحدگی اختیار کرے جو اسے گھیرے ہوئے ہیں۔ پھر ہوا یہ کہ بی بی شہید نے محترمہ نصرت بھٹو کو پارٹی معاملات سے علیحدہ کردیا
میں سوچ یہ رہا ہوں کہ کیا بلاول بھی یہ کرسکتا ہے کہ نہیں۔ ویسے اس وقت، زرداری صاحب PPPP کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہوگئے ہیں۔ میدان صاف ہے
لیکن ایسا ہوگا نہیں، دیکھیں آنے والے وقت، میں بلاول ، آصفہ بھٹو زرداری سے ملکر کونسی حکمت عملی اپناتا ہے۔ ویسے بیٹیاں بھائیوں کے مقابلے میں والد سے زیادہ قریب ہوتی ہیں۔ اور آصفہ تو اس وقت خاتون اوّل بھی ہیں
خالد قاضی