NUKTADAAN

Reading: ‏۶۹۔ واٹس ایپ ہیک ہونے کی داستان
Reading: ‏۶۹۔ واٹس ایپ ہیک ہونے کی داستان

‏۶۹۔ واٹس ایپ ہیک ہونے کی داستان

admin
4 Min Read

نکتہ داں -۶۹

۱۵ ستمبر ۲۰۲۴

واٹس ایپ ہیک ہونے کی داستان

یہ عادت صرف خواتین کا خاصہ نہیں،  کہ ہر دعوت کے اختتام پر، الوداعی گفتگو اور خدا حافظ کہنے میں بھی آدھا گھنٹہ صرف کردیا کرتی ہیں۔میرے ایک عزیز , اس متعلق کہتے ہیں کہ خواتین اس طرح ایک دوسرے کو الوداع کرتی ہیں گویا یہ انکی زندگی کی آخری ملاقات ہو۔

ریٹائر مرد حضرات بھی، کم از کم جمعہ کی نماز کے بعد،  مسجد کے ارد گرد ، کچھ دیرگپ شپ لگا کر یہ رسم پوری کرلیا کرتے ہیں ۔ یہی کچھ میں بھی کر رہا تھا کہ فون کی گھنٹی بجی۔ ایک انجانی آواز تھی۔ کہا : قاضی صاحب آپ واٹس ایپ پر قرآن گروپ کے ممبر ہیں ناں

میں نے اس بات پر ہاں کہا۔ بولے آج رات دس بجے ، تمام گروپ ممبران کی زوم پر ضروری میٹنگ ہے۔ آپ بھی شرکت کریں۔ میں نے حامی بھر لی۔ بولے میں آپکو زوم میٹنگ کا کوڈ بھیج رہا ہوں ۔ میں نے کہا ٹھیک ہے۔ کچھ ہی دیر بعد،فون پر  ایک کوڈ نمبر نمودار ہوا۔اور فوراً ہی دوبارہ فون کی گھنٹی بجی۔ وہی آواز تھی۔ پوچھا، آپکو کوڈ مل گیا ؟ میں نے انھیں بتایا کہ جی مل گیا۔ کہنے لگے نمبر دوہرائیں گے؟ میں نے غلط تو نہیں بھیجا !

میں نے نمبر دوہرا دیا ۔ اور بس۔۔۔

وہ نمبر زوم کا نہیں، واٹس ایپ کوڈ تھا۔ جو میری غلطی کی وجہ سے ہیکر کے ہاتھ لگ چکا تھا۔ اس غلطی کی وجہ سے اب  میرا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہو چکا تھا۔ اور میں اس بات سے بے خبر تھا، مجھے علم تقریباً دو گھنٹے بعد ہوا، جب میں نے فون پر واٹس ایپ میسجز دیکھنے کیلئے کھولا۔

میرا تو دماغ گھوم گیا۔ پھر جب اوسان بحال ہوئے تو، معلومات اکھٹی کرنی شروع کردیں کہ اب کیا کیا جائے۔ سینکڑوں وسوسے آرہے تھے۔کبھی گوگل کرتے، واٹس ایپ کی سائٹ پر جاتے وغیرہ وغیرہ۔

بھلا ہو میری بہو کا، اس نے کہا کہ انکل مجھے اپنا فون دیں۔ اس نے تمام معلومات اکھٹی کیں اور تقریباً دو ڈھائی گھنٹے کی محنت سے میرا واٹس ایپ اکاؤنٹ بحال ہو پایا۔

لیکن، پچھلے تقریباً ۲۰ گھنٹے ، ہیکر میرے اکاؤنٹ کو خالد قاضی بن کر پاکستان ، سعودی عربیہ، ترکی، کینڈا اور امریکہ میں تقریباً” سو لوگوں سے مدد کی درخواست کرچکا تھا۔ لیکن سوائے ایک شخص کے، کوئی اسکے ہاتھ نہ آیا۔ دوستوں رشتے داروں ، اقربا اور کئی انجان لوگوں نے (جو کسی نہ کسی گروپ کے مشترکہ ممبر ہونگے) نے مجھ سے رابطہ کیا کہ ہم آپکی کیا مدد کرسکتے ہیں۔

میں نے سب سے ہاتھ جوڑ کر گزارش کی کہ آپکا فیور اور مدد مجھے یقیناً درکار ہے لیکن پیسوں کی صورت نہیں دعا کی صورت میں۔

میں سوچ رہا تھا کہ نا اعتباری بھی ایک نعمت ہے۔ اگر لوگ مجھ پر اعتبار کرکے پیسے بھیجتے رہتے تو ہیکر کی تو عید ہو جاتی

میری بیگم ، جب مطمئن ہوئیں کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ اب واپس ہوگیا ہے اور لوگ ہیکر کے جھانسے میں نہیں آئے تو مجھ سے کہنے لگیں ، بڑے معتبر بنتے ہو، دیکھ لیا کہ لوگ تم پر کتنا اعتبار کرتے ہیں ؟

بہرحال یہ تو از راہ مزاح بات تھی۔ دوسروں کی معلومات کیلئے، میں یو ٹیوب لنک بھیج رہا ہوں کہ جس میں واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ہیک ہونے کے بعد  دوبارہ کس طرح واپس لایا جاسکتا ہے

خالد قاضی

Share This Article
کوئی تبصرہ نہیں ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے